ایک پونڈ کا ناقص سکہ، 48 ہزار روپے میں بک گیا!

لندن: ایک برطانوی مے خانے (پب) میں دکان دار کو ملنے والا ایک پونڈ کا سکہ، نیلامی کی مشہور ویب سائٹ ای بے پر 205 برطانوی پونڈ میں فروخت ہوا ہے۔
یہ سکہ ایک مے خانے کے ملازم کو دیا گیا جس میں نقص تھا کیونکہ عموماً درمیان میں چاندی کا رنگ ہوتا ہے اور اس کے کنارے سنہری ہوتے ہیں جب کہ انوکھا سکہ مکمل طور پر سنہری دھات پر مشتمل ہے۔
اس نے یہ سکہ ای بے پر فروخت کے لیے رکھا جہاں 24 بولیوں کے بعد وہ 205 گنا زائد قیمت پر فروخت ہوا۔ اگرچہ یہ بات مضحکہ خیز لگتی ہے لیکن غالباً یہ کسی شوقین فرد نے خریدا ہے جو سکے جمع کرنے کا جنونی ہے۔ دنیا بھر میں کبھی کبھار مشینی غلطی سے سکے اور نوٹ کا ڈیزائن معمول سے ہٹ کر ڈھلتا یا چھپتا ہے اور اسے نایاب تصور کیا جاتا ہے۔
برطانیہ کی شاہی ٹکسال میں ہمہ وقت سکے ڈھلتے رہتے ہیں اور لاکھوں کروڑوں سکوں میں سے کسی ایک کا غلط ڈھل جانا بہت محال ہوتا ہے اور اس پر نظر رکھنا بھی مشکل ہوتا ہے۔ تاہم کبھی کبھار سکے اپنے ڈیزائن سے ہٹ کر بنتے اور غیر معمولی طور پر نایاب بن جاتے ہیں۔
دوسری جانب کم مقدار میں ڈھالے جانے والے یادگاری سکے بھی کچھ وقت گزرنے کے بعد اصل سے کئی گنا زائد قیمت پر فروخت ہوتے ہیں۔ سکے جمع کرنے والے انہیں بھی خریدنا اور رکھنا پسند کرتے ہیں۔
205 پاؤنڈ میں فروخت ہونے والے اس سکے پر لندن کے مشہور کیو گارڈن کا پھول بنا ہوا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔