ملکہ برطانیہ کی پہلی برسی پر ہیرے جڑا تین کلو وزنی سونے کا سکہ تیار

لندن: ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کی پہلی برسی پر برطانوی کمپنی نے ساڑھے تین کلوگرام سونے سے بنا سکہ تیار کرلیا، جس پر 6426 ہیرے جڑے ہیں اور اس کی قیمت دو کروڑ 30 لاکھ ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ پاکستانی روپوں میں یہ 7 ارب سے زائد کی رقم بنتی ہے۔
باسکٹ بال سائز کا سکہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے قائم کیا ہے جو برطانوی راج میں سرگرم رہی۔ اگرچہ یہ کمپنی ختم ہوچکی ہے لیکن اس کے نام کو استعمال کرنے کا قانونی اجازت نامہ سنجے مہتا نامی شخص نے حاصل کیا ہے۔ تاہم اس یادگاری سکے کو حکومتی قانونی سکے کا درجہ نہیں دیا گیا ہے۔ سکے کا نام دی کراؤن رکھا گیا ہے، جسے سنجیومہتا اور اس کے ساتھی ماہرین نے تیار کیا ہے۔
یادگاری سونے کے سکے کا قطر 9.6 انچ ہے، جس ر 24 قیراط سونے کے ایک درجن سکے بھی لگے ہیں اور ان کے اوپر ہزاروں ہیرے لگائے ہیں۔ مرکزی سکے کا وزن دو پونڈ ہے جب کہ اطراف کے سونے کے ہر سکے کا وزن ایک اونس ہے جس پر ملکہ کی تصویر بھی کشید کی گئی ہے۔
ہیروں کو برطانوی پرچم کی شکل میں سجایا گیا ہے، جسے بھارت، برطانیہ، سنگاپور، جرمنی اور سری لنکا کے ڈیزائنر اور ماہرین نے دن رات کی محنت سے بنایا ہے۔ سنجے مہتا نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ملکہ ایلزبتھ دوم، کرہ ارض کی ملکہ تھیں جن کی یاد میں یہ شاہکار تخلیق کیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔