سب کچھ بھارت نہیں کچھ ہم بھی ہیں، رمیز راجا
لاہور: بی سی سی آئی (بھارتی کرکٹ بورڈ) کی جانب سے ایشیا کپ 2023 میں پاکستان آنے سے انکار پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
رمیز راجا کی ٹوئٹر پر ایک ورچوئل گفتگو کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں ان سے صحافی نے بھارت کی جانب سے پاکستان آنے پر انکار سے متعلق سوال کیا۔
صحافی نے سوال کیا کہ 2023 کا ایشیا کپ کیا صرف بھارت کی وجہ سے یو اے ای منتقل کردیا جائے گا؟
رمیز راجا نے صحافی کے سوال پر کہا کہ ایشیا کپ یو اے ای منتقل نہیں کیا جائے گا، آپ ہمت تو پکڑیں، اتنے منفی کیوں ہیں آپ بھائی صاحب، سب کچھ انڈیا نہیں ہے کچھ ہم بھی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے ایشیا کپ 2023 کے لیے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے معاملے پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو خط لکھا ہے جس میں شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔