افغانستان میں امریکی فوجی مارنے کے لیے روس نے طالبان کو معاوضہ دیا، نیویارک ٹائمز
واشنگٹن: امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے افغانستان میں تعینات امریکی اور دوسرے اتحادی فوجیوں کو قتل کرنے کے لیے طالبان کو خفیہ طور پر بھاری معاوضہ دیا جب کہ اس بارے میں امریکی کمانڈوز اور جاسوسوں نے جنوری ہی میں اپنے حکامِ بالا کو آگاہ کردیا تھا۔
بعد ازاں اس سال مارچ میں امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھی ٹرمپ کو اس بارے میں بریفنگ دی تھی، جس میں روس کے خلاف پابندیوں اور سفارتی سطح پر احتجاج جیسی تجاویز بھی دی گئی تھیں، لیکن امریکی صدر نے یہ بات ماننے سے انکار کردیا۔
اس خبر کی اشاعت پر ڈیموکریٹک اور ری پبلکن پارٹی، دونوں کے نمائندگان نے ٹرمپ انتظامیہ سے جواب طلب کرنا شروع کردیا ہے کہ آخر وہ روس کے معاملے میں اتنی نرمی کیوں برت رہی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس خبر کی تردید کی گئی جب کہ امریکا میں روسی سفارت خانے اور افغان طالبان نے بھی اس خبر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ امریکا میں قومی سلامتی کے ڈائریکٹر جان ریڈکلف نے کہا کہ ٹرمپ کو اس بارے میں کوئی بریفنگ نہیں دی گئی، البتہ انہوں نے امریکی فوجیوں کے قتل میں روس اور طالبان میں خفیہ رابطوں سے متعلق کچھ بھی کہنے سے گریز کیا۔
بعدازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اتوار کی صبح اپنی ٹویٹ میں اس خبر کی بہت سخت الفاظ میں تردید کرتے ہوئے نیویارک ٹائمز پر تنقید کی ہے۔
واضح رہے کہ یہ خبر ایک ایسے وقت پر شائع ہوئی ہے جب امریکا اور طالبان میں امن معاہدے پر عمل درآمد جاری ہے جس کے تحت طالبان نے امریکی فوجیوں کو افغانستان سے محفوظ واپسی اور ان پر حملے نہ کرنے کی ضمانت دی ہے۔