پاکستان کا انگلینڈ سے سیریز جیتنا ممکن دکھائی نہیں دیتا، سعید اجمل

لاہور: سعید اجمل نے پاک انگلینڈ سیریز میں میزبان انگلینڈ کو فیورٹ اور بغیر تماشائیوں کے مقابلوں کو ڈیف کرکٹ قرار دے دیا۔
سعید اجمل نے کہا کہ بغیر تماشائیوں کے کرکٹ مقابلے بوریت سے بھرپور ہوں گے۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے ڈیف کرکٹ کا میچ ہو۔ بہتر ہے کہ بائیو سیکیور ماحول میں پندرہ سے بیس فیصد تماشائیوں کو گراؤنڈ میں بیٹھ کر میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے۔ اس سیریز میں پاکستان کی کامیابی کے امکانات بہت کم ہیں۔ ایک میچ جیتنا بھی غنیمت ہوگا۔
ویڈیو لنک پر بات کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ نٰئے قوانین کے تحت میچز انگلینڈ میں تو چل جائیں گے مگر دبئی وغیرہ میں پاکستان کو پریشانی ہوگی۔ منتظمین کو چاہیے کہ دس ہزار تماشائیوں والے اسٹیڈیم میں ایک ہزار تماشائیوں کو آنے دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ان کے لیے انگلینڈ سے سیریز مشکل ہوگی، پاکستان کے لیے سیریز جیتنا ممکن دکھائی نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم سیریز میں ایک آدھ میچ جیت جائے تو بڑی بات ہوگی۔ بطور پاکستانی میری دعا ہے کہ قومی ٹیم سیریز میں اچھا پرفارم کرے۔ بورڈ نے یونس خان کو بیٹنگ کوچ تعینات کرکے بہترین فیصلہ کیا ہے۔ یونس خان کی ڈریسنگ روم میں موجودگی بلے بازوں کے لیے مددگار ہوگی۔ نوجوان کھلاڑیوں کو مصباح الحق، یونس خان، وقار یونس اور مشتاق احمد سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔