نیوزی لینڈ نے اچانک دورہ پاکستان ختم کرنے پر زرتلافی ادا کردیا

کراچی: نیوزی لینڈ نے ستمبر 2021 میں اچانک سیکیورٹی خدشات کو جواز بناکر دورہ پاکستان ختم کرنے پر معاوضہ ادا کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے غلطی کا ازالہ کرتے ہوئے دورہ پاکستان ختم کرنے پر پی سی بی کو زرتلافی ادا کر دیا، گو اصل رقم ظاہر نہیں کی گئی مگر یہ کئی ملین ڈالر ہے، کیویز آئندہ برس مئی میں اضافی 10وائٹ بال میچز کےلیے بھی ٹور کریں گے۔
اس میں 5 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں،بورڈ کو اس سے بھی بھاری منافع ہوگا۔ دونوں بورڈز کے تعلقات میں ماضی جیسی گرم جوشی واپس آ چکی، اسی لیے پاکستان اکتوبر میں کرائسٹ چرچ میں ٹرائنگولر سیریز میں شرکت کی دعوت قبول کرنے کا ذہن بنا چکا۔
ایشیا کپ کے بعد ستمبر،اکتوبر میں انگلینڈ سے 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل ہوم سیریز کا شیڈول طے ہونے پر نیوزی لینڈ کو دورے کی تصدیق کر دی جائے گی۔
نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ نے بھی اپنا ٹور ملتوی کر دیا تھا، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اُس وقت اعلان کیا تھا کہ نیوزی لینڈ سے زرتلافی وصول کیا جائے گا، اس حوالے سے آئی سی سی میں بھی جانے کی ضرورت پڑی تو گریز نہیں کریں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ حل ہو چکا،کونسل کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑی اور نیوزی لینڈ کرکٹ نے پاکستان کو زرتلافی کی رقم ادا کردی جو کئی ملین ڈالر ہے۔
پی سی بی کو ہوٹل بکنگ، سیکیورٹی، مارکیٹنگ، براڈ کاسٹ و دیگر مد میں کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہوا تھا جس کی تفصیل کیویز کوبھیجی گئی، انہیں بعد میں خود اندازہ ہوگیا کہ دھمکی قابل بھروسہ نہیں تھی اور ٹور ختم نہیں کرنا چاہیے تھا، لہٰذا پاکستان کا غصہ ٹھنڈا کرنے کےلیے مئی 2023 میں 10 اضافی وائٹ بال میچز کے لیے دورے پر آمادگی ظاہر کردی جس میں 5 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔
دونوں بورڈز کے درمیان تعلقات میں جو دراڑ آئی تھی وہ اب ختم ہوچکی اور ماضی جیسی گرم جوشی لوٹ آئی ہے، ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان اکتوبر میں کرائسٹ چرچ میں ٹرائنگولر سیریز میں شرکت کا ذہن بناچکا، ستمبر، اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف 7 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوم سیریز کا شیڈول طے ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کو دورے کی تصدیق کردی جائے گی۔
ایونٹ میں بنگلادیشی ٹیم بھی شریک ہوگی، پاکستان سے گرین سگنل ملنے پر کیویز ٹرائنگولر سیریز کا شیڈول جاری کردیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔