ملک بھر میں ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کے لیے بڑا قدم

اسلام آباد: پاکستان بھر میں ویکسی نیشن کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے این سی او سی نے ویکسین کی تمام اقسام میں پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 42 دن سے کم کرکے 28 دن کردیا۔
این سی او سی نے ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا ہے کہ دوسری خوراک کے درمیانی وقفے کی مدت کو کم کردیا جائے۔ این سی او سی نے یہ فیصلہ وزارت صحت اور طبی ماہرین کی مشاورت کے بعد کیا۔
10 ستمبر کے بعد ہوائی سفر کے لیے مکمل ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ 10 ستمبر کے بعد ویکسی نیشن کا جزوی سرٹیفکیٹ کارآمد نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے تمام اکائیوں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
این سی او سی کے مطابق وبا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ویکسی نیشن کے عمل کی جلد تکمیل انتہائی مفید قرار دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں این سی او اسی نے 14 اگست و عاشورہ کے موقع پر ویکسی نیشن کے بارے میں فیصلہ کیا کہ 14 اگست کو ویکسی نیشن کا عمل بدستور جاری رہے گا، لیکن محرم کی نویں اور دسویں تاریخ کو ویکسی نیشن کا عمل معطل رہے گا۔
ادھر کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔ کنسائنمنٹ میں سائنوفارم کی 10 لاکھ خوراکیں موجود ہیں۔ ویکسین دفتر خارجہ اور چینی سفارت خانے نے وصول کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔