کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے لیے قومی ٹیم کا اعلان، حسن علی بھی شامل

لاہور: ورلڈکپ 2023 کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا، انجری کے شکار نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔
بابر اعظم کو کپتان اور شاداب خان کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے جب کہ فٹنس مسائل سے دوچار فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے ساتھ ایک ہی وکٹ کیپر محمد رضوان بھارت جائیں گے۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولرز میں آپشن کم تھی، حسن علی نے لنکن لیگ میں اچھا کھیل پیش کیا، حسن علی ٹیم مین بھی ہے اور اس کے آنے سے ٹیم میں انرجی آتی ہے۔
انضمام الحق نے کہا کہ ایشیا کپ کی ٹیم بناتے وقت حسن علی کی انگلی زخمی تھی جبکہ فاسٹ بولرز میں احسان اللہ اور محمد حسنین بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں لیکن ہم نے 6 ماہ سے بنے کمبی نیشن میں تبدیلی کی کوشش نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ نسیم شاہ کا بڑا نقصان ہوا اور وہ اس وقت دنیا کا بہترین فاسٹ بولر ہے، رپورٹس کے مطابق نسیم شاہ ورلڈکپ کے بعد بھی جلد نہیں کھیل سکے گا۔
انضمام الحق نے واضح کیا کہ کسی پر دروازہ بند نہیں کیا گیا، خواہ سرفراز ہو یا عماد وسیم، محمد عامر نے ریٹائرمنٹ لی تھی، فرسٹ کلاس کھیلیں پھر پرفارمنس پر لیں گے۔ چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی کو اہمیت دیں گے، شان مسعود کا نام ابتدائی 25 میں شامل تھا۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں صرف ایک تبدیلی پر مجبور ہونا پڑا ہے جس کا تعلق بدقسمتی سے نسیم شاہ کی انجری سے ہے۔ ہمیں ایشیا کپ کے دوران بھی کچھ کھلاڑیوں کی انجریز کے معاملات کا سامنا رہا لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور ورلڈکپ جیسے اہم ترین ایونٹ میں بہترین پرفارمنس کے لیے پُرعزم ہیں۔
کپتان بابراعظم، امام الحق، فخر زمان، عبداللہ شفیق، وکٹ کیپر محمد رضوان، سلمان علی آغا، افتخار احمد، سعود شکیل، شاداب خان، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، حارث روف اور حسن علی۔
محمد حارث، زمان خان اور ابرار احمد ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈکپ سے قبل پاکستانی ٹیم 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف دو وارم اَپ میچز کھیلے گی۔ وہ ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کا آغاز عالمی نمبر ایک رینکنگ کی ٹیم کی حیثیت سے کرے گی، اس ورلڈکپ سائیکل میں اس کی جیت کا تناسب تمام ٹیموں سے زیادہ ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔