عامر خان کا گورنر راج کی بات کرنا ذہنی پسماندگی کا ثبوت ہے، ناصر شاہ

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ نے ایم کیو ایم پاکستان کے عامر خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ گورنر راج کے نفاذ کی بات کرکے اپنی ذہنی پس ماندگی کا ثبوت دے رہے ہیں، عامر خان کے دماغ کا معائنہ ہونا چاہیے، ایم کیو ایم کو جب سے کراچی کے عوام نے مسترد کیا ہے ان لوگوں کی دماغی حالت ٹھیک نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی یہ دماغی حالت صرف مسترد ہونے سے نہیں ہوئی بلکہ ان کے گناہوں کی سزا ہے، عامر خان بھٹو صاحب کی 1971 والی بے بنیاد بات کو آج یاد کررہے ہیں، یہ ریکارڈ کی بات ہے کہ عباس اطہر مرحوم نے یہ بات واضح کی تھی کہ اِدھر تم اُدھر ہم والی بات شہید بھٹو نے نہیں کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آپ براہ مہربانی اپنی ذہنی بیماری کا علاج کرائیں اور نفرت کا چشمہ اتاریں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی پرانی یادداشت واپس آئی ہے، ایم کیو ایم کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان کی سلامتی کی خاطر کراچی کے عوام نے دہشت گردوں سے جان چھڑائی۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم کراچی کی خدمت کررہے ہیں اور اس شہر کو ایم کیو ایم نے تباہ کیا، ایم کیو ایم کے لوگوں کو چاہیے کہ کسی درگاہ پر بیٹھ کر اپنے گناہوں کی معافی مانگیں۔
ایم کیو ایم کو پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت فوبیا ہوگیا ہے، اب ان کو ٹھنڈے پسینے آتے ہیں، ایم کیو ایم کے دوستوں کو کہوں گا کہ خدا کا خوف کریں، حقیقت پسند بنیں، یہ اندرون سندھ اور بیرون سندھ کی بات کر کے نفرت کی سیاست نہ کریں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔