وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت مون سون کے حوالے سے اجلاس

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت مون سون کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء شبیر بجارانی، ناصر شاہ، فراز ڈیرو، مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، کمشنر کراچی، پرنسپل سیکریٹری، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری ہیلتھ، ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ، ڈی جی پی ڈی ایم اے، کورفائیو اور رینجرز کے نمائندے شریک ہوئے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق دیگر ڈویژن کے کمشنرز، ڈی سیز بذریعہ وڈیو لنک شریک ہوئے، اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں آج رات اور کل بارشیں ہوں گی۔
کمشنر، ایڈمنسٹریٹر، ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم اے اور ایم ڈی واٹر بورڈ نے اپنی تیاری کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا، 3 بڑے نالوں، کورنگی نالہ، محمودآباد نالہ اور گجر نالہ کے بیشتر علاقے صاف ہیں۔ کے ایم سی کے 43 اور ڈی ایم سیز کے 514 نالے ہیں جن کی صفائی ہورہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی ایڈمنسٹریٹر اور دیگر ڈویژنز اور اضلاع کو ہدایات کیں کہ تمام چوکنگ پوائنٹس کلیئر کیے جائیں، پانی کے نکاس کا مکمل انتظام ہونا چاہیے، تمام لوکل باڈیز، ضلعی انتظامیہ کا اسٹاف فیلڈ میں موجود ہونا چاہیے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈی سیز اور ایس ایس پیز کو اپنے اضلاع میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عید پر بھی اپنے اضلاع میں موجود رہیں، عوام کا خیال رکھیں، بارشوں کے پیش نظر ضروری اقدامات کریں۔ جہاں فنڈز کا معاملہ ہو، وزیراعلیٰ سندھ نے فنانس ڈپارٹمنٹ کو وہاں فنڈز مہیا کرنے کی ہدایت کردی۔ اس کے علاوہ صوبے بھر کے برساتی نالوں کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت بھی دی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔