طویل القامت نصیر سومرو طبیعت ناسازی پر اسپتال داخل، سندھ حکومت علاج کرائے گی

کراچی: دنیا کے طویل القامت افراد میں شامل نصیر سومرو کی طبیعت خراب ہوگئی۔ اہل خانہ کی اپیل پر سندھ حکومت نے علاج کے اخراجات کی ذمے داری اُٹھالی۔
اہل خانہ کے مطابق نصیر سومرو کو طبیعت خرابی پر گلستان جوہر کے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
نصیر سومرو کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کو کئی سال سے سانس لینے میں دشواری اور جوڑوں میں درد کا سامنا ہے۔
نصیر سومرو کے بھانجے نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نصیرسومرو نے طویل القامت ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا اور نام کمایا، ان کی جان بچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
اہل خانہ کی اپیل پر سندھ حکومت نے پاکستان کے طویل القامت نصیر سومرو کے علاج کے اخراجات اٹھانے کے احکامات جاری کردیے۔
سندھ کی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے نصیر سومرو کی علالت کا نوٹس لیا اور علاج کے اخراجات اٹھانے کے احکامات جاری کیے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے نصیر سومرو کے علاج کے سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 52 سالہ نصیر سومرو شدید علیل ہیں، اہل خانہ کی اپیل پر سندھ حکومت اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں نصیر سومرو کا علاج کرائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نصیر سومرو کے علاج کے سلسلے میں متعلقہ اسپتال کو تحریری طور پر احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
دوسری جانب نصیر سومرو میں بہتری کے حوالے سے اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔