سندھ حکومت کے اعتراض پر چیئرمین ارسا کی تقرری کے احکامات واپس

اسلام آباد: سندھ حکومت کے اعتراض پر وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین ارسا کی تقرری کے احکامات واپس لے لیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ حکومت کے خدشات پر چیئرمین ارسا ظفر محمود کی تقرری کے احکامات واپس لے لیے جب کہ نئے چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا عمل بھی روک دیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس نے چیئرمین ارسا کی تقرری کی سمری واپس لینے کا حکم نامہ جاری کردیا۔
وزیراعظم نے گزشتہ روز گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر ظفر محمود کو چیئرمین ارسا تعینات کیا تھا، جس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیئرمین ارسا کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
اس سے قبل وزیر آب پاشی سندھ جام خان شورو نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
صوبائی وزیر آب پاشی نے بتایا کہ وزیراعظم نے چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن واپسی لینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ظفر محمود کی بطور چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے گا۔
اس ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ نے مؤقف اپنایا، سی سی آئی میں طے ہوچکا کہ چیئرمین کی تعیناتی روٹیشن بنیاد پر صوبوں کے ممبر سے ہوگی، جس پر وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ اور محکمہ آب پاشی سندھ کے مؤقف کو مان لیا ہے۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے چیئرمین کی تعیناتی مسترد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ناصرف تعیناتی بلکہ جس شخص کو تعینات کیا گیا اس پر بھی اعتراض ہے، ارسا کا مقصد ہی یہ تھا کہ اس میں وفاق کا کوئی اثرنہ ہو، نگراں حکومت نے آرڈیننس سے ترمیم کردی کہ وفاق کا ایک نمائندہ ارسا کا ممبر ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔