این اے 249 ضمنی انتخاب، پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا!

کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ 249 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کو بدترین شکست دے دی جب کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق حلقے کے تمام 276 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آگئے جس کے تحت پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل 16156 ووٹ کے ساتھ فتح یاب ہوگئے، پیپلز پارٹی کے امیدوار محض 683 ووٹ کے فرق سے کامیاب ہوئے۔
مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل 15473 لے کر دوسرے نمبر پر رہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار امجد اقبال آفریدی 8922 ووٹ کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر رہے۔
کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار نذیر احمد 11125 ووٹ کے ساتھ تیسرے، پی ایس پی کے امیدوار مصطفیٰ کمال 9227 ووٹ کے ساتھ چوتھے اور متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار محمد مرسلین 7511 ووٹ کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 276 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ ڈالنے کی شرح 21.64 فیصد رہی یعنی ان پولنگ بوتھ میں 72740 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔
خیال رہے کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی اںتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔