این اے 240 کا ضمنی انتخاب، ایم کیو ایم کے امیدوار محمد ابوبکر کامیاب

کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں این اے 240 کی نشست پر گزشتہ روز ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی جس میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے محمد ابوبکر نے میدان مار لیا۔
قومی اسمبلی کی اس نشست کے لیے 25 امیدوار میدان میں تھے جب کہ یہ نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔
این اے 240 کورنگی کراچی 2 کے ضمنی الیکشن کے 309 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج آگئے جس کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے محمد ابوکر10683 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے شہزادہ شہباز ز10618 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
اس کے علاوہ مہاجر قومی موومنٹ کے رفیع الدین نے8349 اور پیپلز پارٹی کے ناصر رحیم کو 5240 ووٹ ملے جب کہ پاک سر زمین پارٹی کے شبیر قائم خانی نے 4782 ووٹ لیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں پولنگ کا ٹرن اوور 8.38 فیصد رہا، کل ووٹرزکی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 855 ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز احمد چوہان کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹینشن نمبر 51 کا نتیجہ روکا نہیں، اس کا نتیجہ ابھی جاری کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کہاجارہا تھا کہ این اے 240 کے حتمی نتیجے کا اعلان آج نہیں کیا جائے گا کیوں کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 51 کے نتائج کشیدگی کی وجہ سے روک لیے گئے ہیں، پولنگ اسٹیشن 51 میں ہنگامہ آرائی کے باعث الیکشن کمشنر سندھ نے نتائج روکنے کا اعلان کیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔