کراچی خطرناک شہروں میں سرفہرست تھا، اب 128 ویں نمبر پر آگیا، مرتضیٰ وہاب/ غلام نبی میمن

کراچی: ایڈپلس کی جانب سے کراچی کے نجی ہوٹل میں سندھ پولیس کی لازوال قربانیوں اورخدمات کو سراہنے کے لیے پیس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور مہمان خصوصی ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی سات سال پہلے خطرناک شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر تھا۔ سندھ حکومت نے آپریشن کیا اور چھٹی پوزیشن سے یہ 128 ویں نمبر پر آگیا۔ اس شہر میں روزانہ 10 ہزار لوگ آتے ہیں، یہ شہر سب کو روزگار، تعلیم، صحت دیتا ہے اور دیتا رہے گا۔ کراچی لاوارث نہیں ہے، ہمیں لوگوں کو بتانے کی ضرورت ہے کہ یہاں اچھی چیزیں بھی ہوتی ہیں۔ ہمیں اگر آگے بڑھنا ہے تو ہمیں ایک دوسرے کا ہاتھ بڑھا کر آگے بڑھنا ہوگا، آنے والا وقت ہمارے صوبے، عوام کے لیے اچھا ثابت ہوگا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ پولیس اس سوسائٹی کا حصہ ہے، کراچی میں امن نہیں ایسا نہیں ہے۔ ہم نے عوام کو کہا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمراز لگائیں کیونکہ اس سے کرائم کا ریشیو کم ہوگا اور شرح کم ہوئی ہے۔ سندھ حکومت پولیس کو فنڈز دیے ہیں، وہ سب کے سامنے ہیں۔ میں نے 9 ماہ میں جو حکومت سندھ کو تجویز بھیجی، وزیراعلیٰ سندھ نے اپروو کیا۔ امن کی لسٹ میں کراچی 128 پر ہے، شکاگو، پیرس میں کرائم زیادہ ہے، ایک سازش کے تحت امن کو خراب کیا جارہا ہے۔ دنیا میں کہیں بھی جائیں ہر جگہ کرائم ریٹ زیادہ ہے۔ آپ رات میں کھانا کھانے جائیں مارکیٹ میں جائیں، یہاں رونق ہے، اس کا مطلب ہے کراچی میں امن ہے۔ پولیس کو اس طرح ٹارگٹ نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس کو چار مسائل کا سامنا ہے، ہمیں دہشت گردی کو ختم کرنا ہے۔ گورنمنٹ نے آؤٹ آف بجٹ ہمیں امداد دی، حکومت سندھ نے ہمیں ایک ملین بجٹ ہمیں پاس کرکے دیے۔ ہم پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں کررہے ہیں۔ ہمارے پاس دس سے بارہ ٹرینی اہلکار موجود ہیں، ان کا کھانے کا خرچہ ہم اپنی جیب سے دیتے ہیں۔
بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن ہوگا تو ہی شہر میں کامیابی آئے گی، معیشت بہتر ہوگی، پوری سوسائٹی کو مل کر پولیس کی مدد کرنی پڑے گی۔ کراچی کو اسمارٹ سٹی بنانے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے کے لیے کیمروں کی بہت ضرورت ہے۔ حاجی محمد رفیق پردیسی کا کہنا تھا کہ کراچی امن کا شہر ہے، ہماری پولیس بہت بہتر کام کررہی ہے۔ پی ایس ایل سندھ پولیس کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ قوم پاکستان کے نام پر جان دینے کو تیار ہے۔ یونٹی فوڈز کے سی ای او فرخ امین کا کہنا تھا کہ کراچی پورے ملک کا امن پسند شہر ہے، خامیاں ہیں، ان کو دُور بھی کیا جارہا ہے۔ سندھ پولیس کا شکریہ کہ انہوں نے کراچی میں امن قائم کر رکھا ہے۔ دس سال کے مقابلے میں آج کراچی میں امن موجود ہے۔ اس موقع پر یونٹی فوڈز کے سی ای او فرخ امین، ذی گروپ کے صدر ذیشان الطاف لویا، چیئرمین ایچ ایم آر حاجی رفیق پردیسی، مرزا اختیار بیگ سمیت میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اس موقع پر سندھ ہولیس کے لیے تیار کی گئی خصوصی ڈاکومینٹری کی اسکریننگ بھی کی گئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔