ملک کے عظیم سپوت میر سراج رئیسانی کا یوم شہادت
کوئٹہ: آج میر سراج رئیسانی کا تیسرا یوم شہادت ہے، انہوں نے بلوچستان کی پس ماندگی، غربت اور جہالت کے خلاف تاوقت آخر جدوجہد جاری رکھی، آج اُن کا یوم شہادت کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی نے بلوچستان کی سرزمین پر پاکستان سے عشق کی داستان اپنے لہو سے لکھی، انہوں نے پاکستان کے پرچم سے عشق انتہائی حد تک نبھایا اور ثابت کیا کہ بلوچ قوم بھی اپنے ملک سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔
سراج رئیسانی شہید نے غیر ملکی ایما پر کام کرنے والے بلوچ علیحدہ پسند گروہ کی کھل کر مخالفت کی او ڈٹ کر اُن کا مقابلہ کیا، عین اس وقت میں جب بلوچستان میں پاکستان کا نام لینے کی سزا کم سے کم موت تھی، فخر پاکستان نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی نے بلوچستان میں کئی سو فٹ طویل پرچم کوئٹہ میں لہرایا۔
نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی شہید ہر وقت پاکستان اور بلوچستان کے عوام کی خاطر سر پر کفن باندھے چلتے تھے۔
خیال رہے کہ 13 جولائی 2018 کی انتخابی مہم کے دوران بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے قافلے پر بم حملے سے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 128 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ یہ حملہ خودکُش تھا، جس میں 8 سے 10 کلوگرام بارودی مواد اور بال بیئرنگ کا استعمال کیا گیا تھا۔