کراچی میں فائرنگ سے مولانا ضیاء الرحمان جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں فائرنگ سے معروف عالم دین مولانا ضیاء الرحمان جاں بحق ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 16 میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے جامعہ ابوبکر اسلامیہ کے مہتمم مولانا ضیاء الرحمان کو قتل کردیا۔
اے ایس پی ظفر چھانگا کے مطابق مولانا ضیاء الرحمان گلستان جوہر میں ایف بی آر بلڈنگ کے سامنے پارک میں چہل قدمی کررہے تھے، جہاں اُن پر فائرنگ کی گئی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ مولانا سے موبائل فون یا نقدی بھی نہیں چھینی گئی۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 11 خول ملے ہیں جس میں چار خول نائن ایم ایم اور سات تیس بور کے ہیں۔ اطراف میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی نشان دہی کرلی ہے، جس سے ٹارگٹ کلرز کی شناخت ممکن ہوجائے گی۔
ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دو موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی، دریں اثنا آئی جی سندھ رفعت مختار نے واقعے کا نوٹس لے کر ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔