آدمی اور مگرمچھ کی شادی کی دلچسپ رسم

میکسیکو: آدمی اور مگرمچھ کی شادی کا انوکھا قصہ آج کل دُنیا میں زبان زدعام ہے۔ میکسیکو کے ایک چھوٹے سے دیہات کے میئر نے ایک مادہ مگرمچھ سے شادی کرلی ہے۔
یہ قدیم رسوم کے تحت علامتی شادی ہے جس کا مقصد دولت، عزت اور رتبے میں اضافہ کرنا ہے۔ تاہم علامتی شادی کی تقریب رنگا رنگ تھی جس میں لوگوں نے شرکت کی اور موسیقی و رقص کا بھی اہتمام کیا گیا۔ میئر نے مادہ مگرمچھ کو بوسہ بھی دیا۔
سان پیڈرو ہومی لیولا نامی چھوٹے سے قصبے کے میئر وکٹر ہیوگو سوسا نے منگل کو مادہ مگرمچھ سے شادی کی ہے، تاہم جب انہوں نے اس کی تھوتھنی پر بوسہ دیا تو اس کا منہ مضبوطی سے باندھا گیا تھا۔
ہسپانوی تہذیب میں سیکڑوں برس سے یہ شادیاں رائج ہیں کیونکہ اس کا مقصد فطرت سے نعمت حاصل کرنا ہوتا ہے۔ اس طرح کی شادی سے اصل شادی پر کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ اس کا مقصد دولت اور عزت میں اضافہ کرنا ہوتا ہے۔
اس (علامتی شادی کے بعد) ہم قدرت سے بارشوں، زیادہ فصلوں اور دریاؤں میں مچھلیوں کی بہتات طلب کرتے ہیں، میئر نے بتایا۔ اس گاؤں کا نام اوکساکا ہے جس کی اکثریت ماہی گیروں پر مشتمل ہے۔ یہاں کے لوگ قدیم زبان، ثقافت اور رسوم پر سختی سے کاربند رہتے ہیں۔
سات سالہ دلہن مگرمچھ کو ’ننھی شہزادی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ مگرمچھ اس ثقافت میں دیوتا سمجھے جاتے ہیں اور لوگوں کا خیال ہے کہ ان سے جڑنے سے وہ بھی فطرت سے منسلک ہوجاتے ہیں۔
جب مادہ مگرمچھ کو ڈھول تاشوں کے شور میں سجا کر لایا گیا تو سڑک کے دونوں اطراف مردوں نے اپنا ہیٹ اتار کر استقبال کیا۔ دیہات بھر میں جشن منایا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔