کراچی میں ٹی ٹی پی کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، 17 دہشت گرد گرفتار

کراچی: شہر قائد میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹی ٹی پی کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد کراچی میں کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ انٹیلی جنس ایجنسیز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں کراچی سے گرفتار کرلیا۔
سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی میں اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ وصولی جیسے سنگین جرائم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
ان کو افغانستان سے ٹی ٹی پی کی قیادت کی سرپرستی میں مدرسہ طلبہ کے روپ میں منظم کیا گیا تھا۔
گرفتار دہشت گرد 2007 تا 2014 تک ٹی ٹی پی نیٹ ورک کا حصہ تھے اور سوات/ مالاکنڈ میں سیکیورٹی فورسز اور NGOs پر مختلف حملوں میں ملوث تھے۔
یہ دہشت گرد کراچی میں فرقہ وارانہ، نسلی، سیاست دانوں کی ٹارگٹ کلنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔
یہ نیٹ ورک افغانستان میں ٹی ٹی پی کی اعلیٰ قیادت کے لیے بھتہ خوری کی سرگرمیوں اور اغواء برائے تاوان کے ذریعے فنڈز اکٹھا کرتا تھا۔
اس نیٹ ورک نے مدرسے میں خودکُش بم باروں کو بھی پناہ دی تھی، جنہیں افغانستان سے کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں مختلف کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔