میجر عزیز بھٹی کا یوم شہادت!

اسلام آباد: آج میجر عزیز بھٹی شہید کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے میجر عزیز بھٹی شہید کے 55 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی شاندار قیادت اور جرأت دفاع وطن کی روشن مثال ہے۔ میجر عزیز بھٹی نے 1965 کی جنگ میں عظیم کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ستمبر 1965 میں جب دشمن نے ارض وطن پر شب خون مارا تو میجر عزیز بھٹی شہید کو برکی سیکٹر پر دشمن کی پیش قدمی روکنے کا حکم ملا۔ قوم کا یہ بہادر سپوت دشمن کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن گیا اور کمال مہارت اور عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو ایک قدم آگے نہ بڑھنے دیا۔ 12 ستمبر 1965ء کو جب دشمن پاک فوج پر بھاری گولا باری کررہا تھا، میجر عزیز بھٹی نے مورچے سے باہر نکل کر اپنے سپاہیوں کو ہدایات دیں۔ اسی دوران توپ کا ایک گولا میجر عزیز بھٹی کو لگا اور انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں شہادت کا رتبہ پایا۔ دشمن کو ناکوں چنے چبوانے اور ملکی دفاع کے لیے بے مثال قربانی اور شجاعت کے مظاہرے کے اعتراف میں حکومت نے راجہ عزیز بھٹی شہید کو پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔