ایل پی جی کی مصنوعی قلت، قیمت 10روپے بڑھادی گئی
کراچی: مافیا نے مارکیٹ میں ایل پی جی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمت 10روپے فی کلو بڑھادی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے فی ٹن ایل پی جی پر سپر ٹیکس عائد ہونے کو جواز بناکر مافیا نے ایل پی جی کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی ہے۔
مافیا نے عیدالاضحیٰ کے موقع کا فائدہ اٹھانے کے لیے ایل پی جی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے فی کلوگرام گیس کی قیمت 10روپے بڑھادی جب کہ اس کے برعکس عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتیں کم ہورہی ہیں۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے وزیراعظم شہباز شریف سے ایل پی جی مافیا کے خلاف فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مافیا نے خودساختہ طور پر ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافہ کرکے فی کلو قیمت 210روپے تک پہنچادی ہے۔
چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت 120روپے کے اضافے سے 2475روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 455روپے کے اضافے سے 9532روپے ہوگئی ہے جب کہ گلگت بلتستان میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت 260 روپے تک پہنچ گئی ہے۔