موسمی صورتحال: کراچی سمیت اندرون سندھ کے بلدیاتی انتخابات ملتوی

اسلام آباد: اندرون سندھ کے بعد الیکشن کمیشن نے کراچی میں بھی بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے۔
کراچی سمیت اندرون سندھ کے بعض اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت 28 اگست کو پولنگ ہونا تھی۔
تاہم اندرون سندھ بارشوں اور سیلابی صورت حال کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز حیدرآباد سمیت 9 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے ہیڈ آفس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں کراچی میں موسم کی صورت حال اور بلدیاتی انتخابات کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کراچی میں 28 اگست کو بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے لیے رپورٹ طلب کی اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کو 6 اہم اداروں سے فوری رپورٹ لینے کی ہدایت کردی تھی۔
چیف الیکشن کمشنر نے سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری، آئی جی اور ڈی جی رینجرز سے رپورٹ لینے کی ہدایت کی ہے۔
اس کے علاوہ صوبائی الیکشن کمشنر اور محکمہ موسمیات سے بھی رپورٹ لینے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں شہر میں موسم کی صورت حال سے آگاہی طلب کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر ادارے دیہی سندھ میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں جس کے باعث پولنگ سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کے متاثر ہونے پر بھی سیکیورٹی اداروں سے رپورٹ مانگی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے رپورٹ طلب کیے جانے پر سیکریٹری الیکشن کمیشن نے انہیں رپورٹ پیش کی، جس بنا پر کراچی میں بھی 28 اگست کو ہونے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔