ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، 2 پاکستانی فوجی شہید!

راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج نے فائرنگ کی، جس سے 2 پاکستانی فوجی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے دیوا سیکٹر میں اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو پاکستانی فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
سپاہی نورالحسن کی عمر 29 سال اور سپاہی وسیم علی کی عمر 25 سال تھی۔ پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصانات پہنچنے کی اطلاع ہیں۔
آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ و گولا باری میں آئے روز اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزی پر پاکستان میں تعینات بھارتی سفارت کاروں کو بارہا دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا جاتا ہے، تاہم بھارت کا جنگی جنون کسی طور کم ہونے میں نہیں آرہا جب کہ عالمی برادری بھی بھارت کو روکنے میں ناکام نظر آتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رواں برس اب تک بھارت کی جانب سے 2333 مرتبہ سیزفائر لائن کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔