بھارتی اشتعال انگیزی خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر سینئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔
لائن آف کنٹرول کے ڈھڈیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ پر پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق 14 اگست کو ڈھڈیال سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہری شدید زخمی ہوا تھا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق رواں برس بھارت 1980 بار جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کرچکا، بھارتی بلااشتعال فائرنگ سے 16 شہری شہید اور 161 زخمی ہوچکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق بھارتی فوج لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل سول آبادی کو نشانہ بنارہی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارت کی اشتعال انگیزی خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹاسکتا، بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت 2003 کے فائر بندی معاہدے کی پاسداری کرے، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اقدار کے منافی ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔