کراچی پیکیج، ایک اور کمیٹی کے قیام کا فیصلہ!
کراچی: شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت نے کراچی کے معاملات اور ترقیاتی منصوبوں پر ایک اور کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی میں ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی شامل ہوں گے جب کہ کمیٹی کی سربراہی پی ٹی آئی رکنِ قومی اسمبلی نجیب ہارون کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں تمام متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران بھی شامل ہوں گے، کمیٹی کراچی ترقیاتی پیکیج میں وفاقی منصوبوں پر تجاویز دے گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے کراچی ٹرانسفورمیشن پیکیج کے تحت منصوبوں کے لیے پیش رفت کا فیصلہ کیا ہے، پیکیج کے تحت وفاقی منصوبوں کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی اور ٹرانسفورمیشن پیکیج کے وفاقی منصوبوں کی فنڈنگ، وسائل کی دستیابی اور دیگر تفصیلات آئندہ ہفتے وفاقی کابینہ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے جب کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبائی تعاون و عمل درآمد کمیٹی کا اجلاس بھی 28 ستمبر کو متوقع ہے، جس میں اعلیٰ سول وعسکری حکام شریک ہوں گے۔