کراچی میں مون سون بارش کے پہلے اسپیل کی پیش گوئی
کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں مون سون بارش کے پہلے اسپیل کی پیش گوئی کردی۔
کراچی میں مون سون بارش کے پہلے اسپیل کی انٹری 22 جون سے متوقع ہے جب کہ صبح اور رات کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔
کراچی میں اس وقت جنوب مغرب کی سمت سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، جس کے باعث شہر کا کم از کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 کے درمیان رہنے کا امکان ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 72 فیصد ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
دوسری طرف دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث گرمی کا زور ختم ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سے پنجاب میں بارشوں کا شروع ہونے والا سلسلہ وقفے وقفے مزید دو روز تک جاری رہے گا۔