کراچی: بجلی بندش پر شہری مشتعل، ماڑی پور روڈ میدان جنگ میں تبدیل

کراچی: بجلی کی بندش کے خلاف شہری بپھر گئے، ماڑی پور روڈ پر احتجاج کرنے والے شہریوں پر پولیس نے لاٹھیاں برسائیں اور شیلنگ کی۔
گزشتہ روز سے بجلی کی بندش کے خلاف ماڑی پور روڈ پر خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں، ماڑی پور روڈ 20 گھنٹوں سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔
انتظامیہ سے مذاکرات ناکام ہونے پر مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور بجلی کی فراہمی تک احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا۔
پتھراؤ کے بعد پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔
مظاہرین کے پتھراؤ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جب کہ پولیس نے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔
اے ایس پی عاطف امین کا کہنا ہے کہ ماڑی پور روڈ حب چوکی سے شہر کو جوڑنے والی مرکزی سڑک ہے، صبح 4 بجے بھی میں نے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی، مظاہرین کے مطالبے پر کے الیکٹرک سے تحریری معاہدہ بھی کروایا گیا، جب معاملات طے پاگئے تو مظاہرین میں دھڑے بن گئے۔
اے ایس پی کا کہنا ہے کہ ٹریفک میں پھنسے لوگوں سے کچھ افراد نے لوٹ مار بھی کی، لوٹ مار کے دوران ٹرکوں کی چابیاں بھی نکال لی گئیں، امن و امان کی صورت حال خراب ہونے پر مظاہرین کو پیچھے دھکیلا، بجلی بحال کی جاچکی ہے، مظاہرین مظاہرہ ختم کریں۔
احتجاج کے باعث ملحقہ علاقوں کیماڑی، نیٹی جیٹی پل، ایم ٹی خان روڈ، آئی سی آئی برج پر ٹریفک جام کی صورت حال ہے۔
آئی سی آئی برج سے لیاری ایکسپریس وے، ماڑی پور اور سائٹ ایریا جانے والا ٹریفک معطل ہوگیا، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، مظاہرے سے طلبہ بھی متاثر ہوئے اور روڈ بلاک ہونےکے باعث کئی طالب علم امتحانات دینے نہ جاسکے۔
دھیان رہے کہ گرمی بڑھتے ہی بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا، این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 22 ہزار 500 میگاواٹ کے لگ بھگ اور طلب 28 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگئی ہے، اس طرح بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 500 میگاواٹ ہوگیا ہے۔
کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک بڑھ گیا ہے، اس کے علاوہ شاہ فیصل کالونی، ملیر، سرجانی ٹاؤن، جہانگیر روڈ، گلستان جوہر، گارڈن، سلطان آباد، کالا پل سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور شہر کے اکثر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
گزشتہ روز بھی تین ہٹی، صدر پریڈی اسٹریٹ، جوبلی مارکیٹ، شاہ فیصل کالونی، سرجانی ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ، کالا پل، ایم ٹی خان روڈ، نشتر روڈ اور ماڑی پور سمیت 14 مقامات پر احتجاج کیا گیا۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک نے کراچی کے بیشتر علاقوں میں غیر قانونی کنڈوں کے خلاف کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں ‏صدر، لیاقت آباد، ناظم آباد، گارڈن، بہادرآباد، ٹیپو سلطان کے علاقوں میں 1397کلو سے زائد کنڈا کنکشنز کے تاروں کو ہٹایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جب کہ دیہات میں بجلی چند گھنٹے ہی آتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔