محض ایک ماہ اہلیان کراچی کیلیے بجلی 5 روپے 13 پیسے فی یونٹ سستی
اسلام آباد: نیپرا نے کے الیکٹرک کے ستمبر کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں 5 روپے 13 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے ستمبر کے لیے ایف سی اے میں کمی کی منظوری دے دی جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کے الیکٹرک نے 4 روپے 62 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 25 اکتوبر 2022ء کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی اور کمی کی منظوری دی گئی۔
نیپرا کے مطابق قبل ازیں اگست کا ایف سی اے صارفین سے 4 روپے 89 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا گیا تھا، ستمبر کا ایف سی اے اگست کی بہ نسبت صارفین سے 24 پیسے کم چارج کیا جائے گا۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا کہ اس کمی کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا، لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک گھریلوصارفین، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔