اہلیان کراچی پر پھر برق گرادی گئی، بجلی 10 روپے تک گراں
اسلام آباد: کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 10 روپے سے زائد مہنگی کردی گئی۔
نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس کے مطابق بجلی 9 ماہ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک صارفین سے جون تا ستمبر اضافی وصولیاں کی جائیں گی، کے الیکٹرک صارفین کو جون میں 2 روپے 67 پیسے فی یونٹ اضافی دینا ہوں گے جب کہ صارفین کو جولائی میں 3 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کےالیکٹرک صارفین کو اگست میں 3 روپے 22 پیسے فی یونٹ اضافی دینا ہوں گے جب کہ ستمبر میں کے الیکٹرک صارفین کو 99 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ کے الیکٹرک نے جولائی 2023 تا مارچ 2024 کے لیے درخواست دی تھی۔