کراچی میں بڑا بریک ڈاؤن، بیشتر علاقوں میں بجلی عنقا، شہری بلبلا اُٹھے

کراچی: شہر قائد میں متعدد گرڈ اسٹیشن بند ہونے کے باعث آبادی کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن سامنے آیا ہے اور متعدد گرڈ اسٹیشن بند ہونے کے بعد شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے بعد جام شورو 500 کے وی کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرگئی اور کراچی اور حیدرآباد سمیت صوبے بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جب کہ کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے واحد ادارے کے الیکٹرک کا سسٹم بیٹھ گیا اور کے الیکٹرک کا بن قاسم پاور پلانٹس ٹرپ کرگیا، بریک ڈاؤن کے باعث کے الیکٹرک کے 1400 فیڈرز ٹرپ کرگئے اور کراچی کے 85 فیصد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔


اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے نرسری، پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو، محمود آباد، منظور کالونی، کیماڑی، مچھر کالونی، لیاری، کھارادر، بہادرآباد، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، عزیز آباد، فیڈرل بی ایریا، صدر، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، بوٹ بیسن، ڈیفنس کلفٹن، نمائش، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد اور اسکیم 33 کی مختلف سوسائٹیوں میں بجلی غائب ہے، اور شدید گرمی کے باعث شہری پریشان ہیں۔
خیال رہے کہ آج کراچی میں شدید گرمی اور گرم ہواؤں کے تھپیڑوں نے عوام کو پہلے ہی پریشان کررکھا تھا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا تھا، تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں بارشوں کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔