کراچی: صدر موبائل مارکیٹ میں آگ سے درجنوں دکانیں خاکستر

کراچی: شہر قائد کی صدر موبائل مارکیٹ میں آگ لگنے سے درجنوں دکانیں اور ان میں رکھا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، جس کے نتیجے میں شدید مالی نقصان ہوا۔
رات گئے شاہ جہاں موبائل مارکیٹ کی ایک دکان میں آگ لگی جو پھیلتی گئی اور بہت تیزی سے کئی دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اتنی تیز تھی کہ فرسٹ اور سیکنڈ فلور کی دکانوں تک پہنچ گئی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچیں۔ اہلکاروں نے دکانوں کے تالے اور شٹر توڑ کر آگ بجھائی۔ 5 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
آگ لگنے کے باعث درجنوں دکانیں متاثر ہوئیں۔ فائر بریگیڈ حکام نے شبہ ظاہر کیا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے، تاہم کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد واضح ہوگا کہ آگ کس وجہ سے لگی۔
فائر بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کی بجلی کئی گھنٹوں سے بند ہونے کے باعث فائر بریگیڈ ٹیم کو پانی کی سپلائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے کہا کہ آتش زدگی کے باعث 100 سے زائد دکانیں متاثر ہوئیں۔ مارکیٹ کے گراؤنڈ فلور پر 8 سو سے زائد دکانیں موجود ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق 80 سے 100 دکانیں اور ان میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔