کراچی: تین بچوں سمیت خود کو آگ لگانے والا مقروض شہری چل بسا

کراچی: شہر قائد کے علاقے سیکٹر فائیو سی فور نارتھ کراچی میں گراؤنڈ کے اندر 3 بچوں کے ہمراہ خود سوزی کی کوشش کرنے والا شخص دوران علاج دم توڑ گیا جب کہ بچوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل محلہ جمع ہوگئے اور اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھا کر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کردیا۔
خواجہ اجمیر نگری پولیس کا کہنا ہے کہ نارتھ کراچی سیکٹر فائیو سی فور مکان نمبر ایل 246 میں رہائش پذیر 45 سالہ عارف ولد بشیر نے گھر کے قریب آکلینڈ گراؤنڈ میں تین کمسن بچوں کے ہمراہ خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگالی تھی۔ بچوں میں اس کی 2 بیٹیاں 4 سالہ ایمان فاطمہ اور 5 سالہ حوریہ جب کہ بیٹا 3 سالہ غلام حسین شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں 3 بچوں سمیت خودسوزی کرنے والا عارف فروٹ کا ٹھیلا لگاتا تھا، جس نے 2 شادیاں کی ہوئی ہیں، تاہم فوری طور پر وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ عارف سول برنس وارڈ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا۔
بیٹے نے بتایا کہ والد قرض کی وجہ سے بھی کچھ پریشان تھے اور اسی وجہ سے انہوں نے خود پر پٹرول چھڑک کرآگ لگالی، وہ بچوں کو چیز دلانے کا کہہ کر گھر سے نکلے تھے، مہنگائی کی وجہ سے ہر شخص پریشان ہے، والد پاور ہاؤس کے قریب پھلوں کا ٹھیلا لگاتے تھے، پھل فروخت نہیں ہوئے تو خراب ہوگئے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔