کامران اکمل، سلمان بٹ اور راؤ افتخار چیف سلیکٹر کے کنسلٹنٹ مقرر

لاہور: سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کنسلٹنٹ مقرر کردیا گیا۔
نجی ٹی وی پاکستان کے تینوں سابق کرکٹرز فوری طور پر اپنی ذمے داریوں کا آغاز کریں گے۔ 12 جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی سیریز ان کا پہلا اسائنمنٹ ہوگی۔
یہ تینوں اراکین سلیکشن ڈیوٹی نہ ہونے کے دنوں میں اسکلز کیمپ میں اضافی ذمے داریاں بھی نبھائیں گے۔
کامران اکمل نے 53 ٹیسٹ 157 ون ڈے انٹرنیشنل اور58 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 6 ہزار 871 رنز بنائے ہیں اور وکٹوں کے پیچھے 453 کیچز/ اسٹمپڈ کیے ہیں۔ وہ 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے۔
راؤ افتخار انجم بھی 2009 کا ٹی20 کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل تھے وہ ایک ٹیسٹ، 62 ون ڈے اور2 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے اور78 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
سابق کپتان سلمان بٹ نے 33 ٹیسٹ، 78ون ڈے انٹرنیشنل اور24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور تینوں فارمیٹس میں 11 سنچریوں کی مدد سے 5ہزار 209 رنز اسکور کیے ہیں۔ وہ بھی 2009 کے ٹی20 ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔
واضح رہے کہ سلمان بٹ میچ فکسنگ کا جرم ثابت ہونے پر سزا بھی بھگت چکے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔