ذیابیطس سے تحفظ کے لیے تیز چلنا مددگار قرار

لندن: تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ تیزی سے چلنا ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے امکانات کو کم کرسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس چیز کو اپنے طرزِ زندگی کا حصہ بناکر ذیابیطس کے خطرے کو دور کیا جاسکتا ہے۔
امپیریل کالج لندن سمیت محققین کی ایک بین الاقوامی ٹیم کی جانب سے ذیابیطس سے بچنے کی خاطر چلنے کی رفتار کا تعین کرنے کے لیے تحقیق کی گئی۔
تحقیق میں سائنس دانوں نے 1999 سے 2022 کے درمیان شائع ہونے والے 10 مطالعوں کا جائزہ لیا، جس میں تین سے 11 سال تک کا فالواپ بھی شامل تھا۔
ان تحقیقوں میں برطانیہ، جاپان اور امریکا سے مجموعی طور پر 5 لاکھ 8 ہزار 121 مریضوں نے شرکت کی۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ 3 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان کی رفتار سے چلنا 3 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے کم پر چلنے کے مقابلے میں ذیابیطس کے خدشات کو 15 فیصد تک کم کرتا ہے جب کہ 5 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے درمیان چلنے سے بیماری کے امکانات 24 فیصد تک کم دیکھے گئے۔
برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع شدہ تحقیق کے مطابق وہ افراد جو 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز چلتے تھے، ان کے اس بیماری میں مبتلا ہونے کے خدشات 39 فیصد تک کم تھے۔
محققین کے مطابق تیز تیز چلنا وزن کم کرنے کے لیے بھی اچھا ہوتا ہے جس سے انسولین حساسیت کے بہتر ہونے میں مدد ملتی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔