نیند میں خاتون نے لاکھوں کے زیورات کچرے دان میں پھینک دیے
چنائے: نیند میں خاتون نے لاکھوں روپے کے زیورات کچرے دان کی نذر کردیے، یہ واقعہ بھارت میں پیش آیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے 15 لاکھ بھارتی روپے سے زائد مالیت کے سونے کے زیورات نیند میں ایک اے ٹی ایم مشین کے کوڑے دان میں پھینک دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کندراتھر کے علاقے مندرا کوئل روڈ پر واقع اے ٹی ایم کی سیکیورٹی پر تعینات گارڈ نے اے ٹی ایم کے کوڑے دان میں ایک بیگ دیکھا اور جب بیگ کھولا تو اس میں سونے کے 43 زیوارت دیکھ کر حیران رہ گیا۔
سیکیورٹی گارڈ نے فوری طور پر اس کی اطلاع بینک کو دی اور پھر بینک کی جانب سے پولیس کو آگاہ کیا گیا جس کے بعد اے ٹی ایم کی سی سی ٹی وی دیکھی گئی تو معلوم ہوا کہ بیگ ایک خاتون کی جانب سے کوڑے دان میں پھینکا گیا۔
دوسری جانب ایک فیملی کی جانب سے بھی پولیس کو درخواست دی گئی کہ ان کی 35 سالہ بیٹی کئی گھنٹوں سے لاپتا ہے، جب پولیس نے دونوں واقعات کو دیکھا تو پتا چلا کہ لاپتا ہونے والی لڑکی ہی دراصل وہی خاتون ہے جس نے زیورات کوڑے دان میں پھینکے اور پھر کچھ گھنٹے بعد واپس گھر پہنچ گئی۔
لاپتا خاتون کے اہل خانہ نے بتایا کہ ہماری بیٹی کو کئی ماہ سے سوتے میں چلنے کی بیماری ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔