جاوید میانداد کا ایشیا کپ کے لیے بھارت کو پاکستان آنے کا مشورہ
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈکوچ جاوید میانداد نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 50 اوور کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آئیں۔
جاوید میانداد نے یوٹیوب کی ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، موت جب کہیں اور جہاں لکھی ہے آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ 2023 کے لیے پاکستان آنے سے صاف انکار نے ٹورنامنٹ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے، سال 2012-13 میں ہماری ٹیم خراب حالات کے باوجود بھارت گئی تھی، لیکن اس کے بعد بھارت نے اپنا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت ہمیں بلائے گا تو ضرور جائیں گے، لیکن اب بھارت کی باری ہے کہ وہ اپنا قرض اُتارے۔
قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کو سیکیورٹی وجوہ کا بہانہ بناکر پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا، جس پر پی سی بی نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کیا تھا۔
دوسری جانب پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوگا یہ ہمارا دوٹوک موقف ہے، ایشیائی ایونٹ کا جو فیصلہ ہوا اس کے اثرات ورلڈکپ پر بھی پڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے یہ ریڈلائن ہے، بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے یا تیسرے ملک میں کھیلے، اگر بھارت نے اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلے تو یہی ہائبرڈ ماڈل ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے بھی لاگو ہوگا۔