مہنگائی کی شرح ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی
اسلام آباد: وطن عزیز میں مہنگائی کی شرح قومی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی۔
ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے، جس کے مطابق جنوری کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا اور ملک میں مہنگائی 27.6 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2022 تا جنوری 2023 مہنگائی کی مجموعی شرح 25.40 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ جولائی 2021 تا جنوری 2022 مہنگائی کی مجموعی شرح 10.26 فیصد تھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق جنوری میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا اور شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 24.4 فیصد رہی جب کہ دیہی علاقوں میں جنوری کے دوران مہنگائی کی شرح میں 3.6 فیصد اضافہ ہوا اور شرح 32.3 فیصد ہوگئی۔