بھارتی کرکٹر کوہلی کو کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کی دعوت

مظفرآباد: کشمیر پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کو ایونٹ میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ لیگ میں شمولیت کے حوالے سے ویرات کوہلی کو باقاعدہ طور پر دعوت نامہ بھیج رہے ہیں اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ چاہیں تو کھلاڑی کی حیثیت سے لیگ کا حصہ بنیں یا پھر بطور مہمان خصوصی میچز میں شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لیگ کے ذریعے امن کا پیغام دے رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹر بھی لیگ کا حصہ بنیں اور کرکٹ کے ذریعے دونوں جانب کشیدگی کم ہو۔
صدر کے پی ایل عارف ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کی تیاریاں زورشور سے جاری ہیں، پہلے سیزن کی طرح مظفرآباد اسٹیڈیم میں ہی دوسرا سیزن بھی منعقد ہوگا، کشمیر پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا یکم اگست سے باقاعدہ آغاز کرنے جارہے ہیں، 14 اگست کو جب پاکستان کا 75 واں جشن آزادی منایا جائے تب فائنل ہوگا جو تاریخی ہوگا۔
عارف ملک کا کہنا تھا کہ کے پی ایل کے ساتھ شائقین کرکٹ کو فینٹیسی لیگ بھی دیکھنے کو ملے گی جس میں مظفرآباد اور سری نگر کی ٹیمیں ورچوئلی ایک دوسرے کے ساتھ کھیلتی نظر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں طرف کے لوگوں کو ملائیں تاکہ امن کا پیغام عام ہو، سیزن ٹو کی پلاننگ بہت واضح ہے لیگ کے پہلے ایک، دو سیزن میں صورتحال آئیڈیل نہیں ہوتیں لیکن دو، تین سیزن ہونے کے بعد چیزیں خود بخود بہتر سے بہتر ہوتی چلی جاتی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔