بھارت: بھکاری نے سکوں سے بھری بوری دے کر آئی فون خرید لیا

جودھ پور: بھارت میں حال ہی میں ایک بھکاری نے ڈھیروں سکے ادا کرکے آئی فون خرید لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق Experiment King کے نام سے ایک انسٹاگرام چینل نے ایک سماجی تجربہ کیا تاکہ دیکھا جاسکے کہ اگر کوئی بھکاری آئی فون خریدنے کے لیے آتا ہے تو دکان دار کیا ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔
ویڈیو میں ایک شخص بھکاری کا روپ دھار کر آئی فون 15 خریدنے کے لیے سکوں سے بھری بوری کے ساتھ جودھ پور میں موبائل شورومز کا دورہ کرتا نظر آتا ہے۔ جب کہ کچھ موبائل اسٹورز نے اسے اندر جانے کی اجازت نہیں دی بظاہر اس کے پھٹے ہوئے کپڑوں کی وجہ سے جب کہ دیگر نے سکوں کو بطور ادائیگی قبول کرنے سے انکار کردیا۔
تاہم آخرکار ایک دکان نے اس کے منفرد ادائیگی کو قبول کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ اس کے بعد وہ شخص بوری کو فرش پر خالی کرتے اور اسے دکان دار اور اس کے عملے کے حوالے کرتے ہوئے دیکھا جاتا ہے۔ اور دکان دار کو سکے گنتے ہوئے دکھایا گیا۔ بھکاری پھر آئی فون پرو میکس لیتا ہے، اس کا جائزہ لیتا ہے اور اس کے ساتھ پوز کرتا ہے۔ وہ دکان کے مالک کے ساتھ ایک تصویر بھی کھنچواتا ہے۔
شیئر کیے جانے کے بعد سے ویڈیو کو 34 ملین سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے اور کئی لائیکس اور تبصرے مل چکے ہیں۔ اگرچہ کچھ صارفین نے اس تجربے کو پسند کیا تاہم کچھ نے اسے بنا بنایا ڈرامہ قرار دیا۔
ایک صارف نے کہا، یہ اسکرپٹ ہے۔ آج کوئی بھی بھکاری اس جیسا نظر نہیں آتا۔ایک اور نے تبصرہ کیا کہ یہ محض ایک دل لگی اور فکر انگیز تجربہ ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔