کئی سال بعد عمران عباس اور سعدیہ خان ڈرامے میں ساتھ جلوہ گر ہوں گے؟

کراچی: پاکستان کے معروف اداکار عمران عباس نے اپنی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو بڑی خوش خبری سنادی۔
عمران عباس نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ساتھی اداکارہ سعدیہ خان کے ساتھ لی گئیں چند تصاویر پوسٹ کی ہیں، ان تصاویر میں ڈرامہ انڈسٹری کی اس مقبول ترین جوڑی کو قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکار نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ہم بہت جلد دوبارہ یہاں واپس آرہے ہیں۔
اس پوسٹ پر عمران عباس اور سعدیہ خان کے مداحوں کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے، مداحوں کا کہنا ہے کہ وہ اس جوڑی کو ڈرامہ سیریز خدا اور محبت کے سیزن 4 میں ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ وہ عمران عباس اور سعدیہ خان کو ایک بار پھر اسکرین پر بطورِ جوڑی دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
خیال رہے کہ ہاشم ندیم کے مشہور ناول خدا اور محبت پر مبنی ڈرامہ 2011 میں نشر کیا گیا تھا جس میں عمران عباس اور سعدیہ خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔ بہترین کہانی کی وجہ سے ڈرامے نے خوب پذیرائی حاصل کی تھی تاہم عوامی خواہشات کے پیش نظر پانچ سال بعد یعنی 2016 میں اس ڈرامے کو ایک بار پھر منفرد انداز کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔
پہلے سیزن کی طرح ڈرامے کے دوسرے سیزن نے مقبولیت کے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے تھے جس کی بنیادی وجہ عمران عباس اور سعدیہ خان کی دل فریب اداکاری تھی جس نے لوگوں کو اپنی جانب مائل کرنے میں اہم کردار کیا تھا۔
ڈرامہ سیریز “خدا اور محبت” کے تیسرے سیزن میں فیروز خان اور اقرا عزیز کو بطورِ مرکزی کردار کاسٹ کیا گیا تھا لیکن اب عمران عباس کی پوسٹ دیکھ کر مداح اگلے سیزن میں پھر سے عمران عباس اور سعدیہ خان کو دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔