میاں بیوی میں دوران پرواز جھگڑا، ہاتھاپائی: طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

نئی دہلی: سوئٹزرلینڈ سے بینکاک جانے والی پرواز میں مسافر میاں بیوی کے درمیان شدید جھگڑا، معاملہ اس نہج تک جاپہنچا کہ طیارے کی نئی دہلی میں ہنگامی لینڈنگ کرانا پڑی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن ایئرلائن لفتھانسا کے مسافر بردار طیارے نے نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ یہ طیارہ سوئٹزرلینڈ کے شہر میونخ سے بینکاک جارہا تھا۔
بھارت میں ہنگامی لینڈنگ سے قبل طیارے نے پاکستان میں اترنے کی اجازت مانگی تھی، لیکن اجازت نہ ملنے کے باعث پائلٹ نے نئی دہلی میں لینڈنگ کی، جہاں دونوں مسافروں کو اتار دیا گیا۔
میاں بیوی کو اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے حوالے کرکے طیارہ اپنے منزل مقصود کی جانب روانہ ہوگیا۔ مسافر میاں بیوی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ انڈین ایوی ایشن کے حکام نے مسافر میاں بیوی کے حوالے سے جرمنی کے سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے اور ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ دونوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے گا یا سفارت خانے بھیجا جائے گا۔
اس جوڑے نے اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد طیارے کے عملے سے اپنے رویے پر معافی مانگتے ہوئے جہاز میں سفر جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔