نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری، عمران خان کا کل سے احتجاج کا اعلان
لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تقرری کے خلاف پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کل سے احتجاج کا اعلان کردیا۔
عمران خان کا زمان پارک سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ جمہوریت کی بنیاد اخلاقیات پر رکھی جاتی ہے، جمہوریت کے پاس اخلاقی معیار ہوتے ہیں، برطانیہ میں وزیراعظم کو جھوٹ بولنے پر مستعفی ہونا پڑا، برطانوی وزیراعظم بریگزٹ پر ایک ووٹ سے ہار جاتا ہے، مستعفی ہوجاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے جمہوریت کے معیار اتنے گرگئے کہ کسی کو اعتماد ہی نہیں کہ حکومت شفاف انتخابات کراسکتی ہے، نگراں حکومت کی بنیادی وجہ اس کا غیرجانبدار ہونا ہے، ہم نے ناصر کھوسہ کا نام چنا، سوچا کہ یہ نام ان کو بھی پسند ہوگا، احمد سکھیرا اس وقت کابینہ سیکریٹری ہیں ہم نے سوچا اس پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہوگا جب کہ نوید اکرم چیمہ بھی شہباز شریف کے سیکریٹری رہ چکے ہیں، لیکن انہوں نے ہمارے تمام نام مسترد کیے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں جمعیت علمائے اسلام نے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے اعظم خان کا نام دیا، انہوں نے صحیح نام دیا تو ہم نے تسلیم کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اتنا بددیانت الیکشن کمیشن اپنی زندگی میں نہیں دیکھا، اس الیکشن کمیشن کا ہر فیصلہ ہمارے خلاف آتا ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلوں پر 8 مرتبہ عدالت گئے اور وہاں فیصلہ ختم ہوا، اس حکومت نے توشہ خانہ میں میری تمام تفصیل دی، اب عدالت نے ان سے توشہ خانہ کا ریکارڈ مانگا تو کہتے ہیں سیکرٹ ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ نوازشریف اور آصف زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں چوری کیں۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ایک آدمی جس نے سب سے زیادہ ہماری حکومت گرانے کی کوشش کی، اس کا نام محسن نقوی تھا، ہماری حکومت گرانے میں ایک شخص بھاگا پھرتا تھا وہ محسن نقوی تھا، انٹیلی جنس بیورو نے محسن نقوی کی سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ دی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ جس کو زرداری نے بیٹا بنایا ہوا ہے اس کی ساکھ کیا ہوگی؟ باہر کی دنیا میں آصف زرداری کو مسٹر 10 پرسنٹ کہا گیا، محسن نقوی میں نہ اخلاقی معیار ہے نہ غیرجانبداری، اس کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے میرے نام پر کاٹا ڈالا ہے، مجیب الرحمان پر کاٹا ڈالا گیا ملک ٹوٹ گیا، پیپلزپارٹی پر کاٹا ڈالا گیا تو ایم کیو ایم بن گئی، نواب اکبر بگٹی پر کاٹا لگایا گیا بلوچستان کے حالات اب تک ٹھیک نہ ہوئے، سیاست دانوں پر کاٹا لگانے سے ملک کو نقصان ہوتا ہے، محسن نقوی تمام ان لوگوں کو لے کر آئے گا جو ہمارے سخت مخالف ہیں۔
عمران خان نے اعلان کیا کہ اس الیکشن کمیشن سے زیادہ نقصان ملک کو کسی نے نہیں پہنچایا، محسن نقوی کی تعیناتی اور الیکشن کی تاریخ کیلئے عدالت جارہے ہیں، یہ چور کراچی کی طرح دھاندلی کرکے ملک پر پھر مسلط ہونا چاہ رہے ہیں، قوم کو ان چوروں کے خلاف احتجاج کیلئے نکلنا چاہیے، جس نے پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر ہماری حکومت گرائی اس کو تسلیم کرلیں تو ہم میں اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ مقرر کیا تھا اور انہوں نے رات کو ہی عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف نے محسن نقوی کی تقرری کی مخالفت کی اور سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد معاملہ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا تھا۔