پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی نے منظور کرلیے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفے اسپیکر قومی اسمبلی نے چند دن قبل منظوری کے لیے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر نے 43 ارکان کے استعفے منظوری کی سمری الیکشن کمیشن کو بھجوادی ہے، جو الیکشن کمیشن کو موصول بھی ہوگئی ہے۔
قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اب صرف منحرف ارکان ہی باقی بچے ہیں۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے ذرائع کا بتانا ہے کہ اسپیکر نے 22 جنوری کو باقی 43 اراکین کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوادیے تھے، اس لیے 23 جنوری کو ای میل اور واٹس ایپ درخواستیں خلاف ضابطہ تھیں، استعفے 22 جنوری کو منظور کیے گئے تھے، اس لیے 23 جنوری کو واپسی کی درخواستیں غیر مؤثر تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 22 جنوری کو اسد قیصر اور فواد چوہدری نے میڈیا ٹاک میں باقی اراکین کے استعفے منظور نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے منظور کیے تھے۔
اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جولائی 2022 میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس میں سے کراچی سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے عدالت میں درخواست دائر کرکے اپنے استعفے کی درخواست واپس لے لی تھی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے 20 جنوری کو پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے۔
اب مزید 43 استعفوں کی منظوری کے بعد مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 122اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 123 اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔