عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانی تحریک انصاف عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، میانوالی، لاہور اور اسلام آباد کے حلقوں سے اُن کے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم فری اینڈ فیئر الیکشن چاہتے ہیں، ہمارا کوئی مطالبہ ایسا نہیں کہ الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، ہم بار بار کہہ رہے ہیں لیکن ہمیں کنونشن کرنے نہیں دے رہے، اگر 25 کروڑ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے تو چیف جسٹس کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، جس میں میانوالی، لاہور اور اسلام آباد کے حلقوں سے اُن کے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا نواز شریف امپائر کے ساتھ مل کر کھیلتے ہیں، اس دفعہ ہمارے امیدواروں کو میدان میں ہی اترنے نہیں دیا جارہا، ہمارے لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے جارہے ہیں، اڈیالہ جیل میں شاہ محمود کے سیکریٹری سے ان کے کاغذات نامزدگی چھینے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کل کاغذات نامزدگی پر دستخط کرائیں گے، مجھے آج جیل میں سادہ کاغذ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی، خدشہ ہے اگر ہمارے لوگوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہوجائیں گے اور ہم نہیں چاہتے حالات خراب ہوں جب کہ ٹکٹ سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے مشاورت چل رہی ہے، اس میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔