پاکستان کی آئی ایم ایف کو سبسڈی میں بڑی کمی کی یقین دہانی

اسلام آباد: پاکستان نے آئی ایم ایف کو رواں ہفتے ہی بجلی و تیل پر سبسڈی میں خاطر خواہ کمی کی یقین دہانی کرادی۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج تکنیکی مذاکرات کا تیسرا دور ہوا اور دوحہ میں چھٹی کے باوجود مذاکرات جاری رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد سیکریٹری خزانہ کی قیادت میں آئی ایم ایف سے مذاکرات کررہا ہے اور تین دن کے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستانی وفد نے معیشت کی صورت حال اور بجلی و گیس کےنرخوں پر اپنے مؤقف سےآگاہ کیا ہے، پاکستان بجلی و گیس پر سبسڈی کے مکمل خاتمے کے بجائے قسطوں میں اس کا خاتمہ کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے پیر سے پہلے بجلی و تیل پر سبسڈی میں خاطرخواہ کمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جب کہ آئی ایم ایف کو بجلی بنانے کے کارخانوں کی نجکاری کا پروگرام بھی دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ملکیتی اداروں کی نج کاری کا شیڈول بھی آئی ایم ایف کو دکھایا گیا ہے اور پالیسی ریٹ میں مزید اضافے سے متعلق پاکستان نے رعایت مانگی ہے۔
پاکستان نے مؤقف اپنایا ہے کہ پہلے سے ہی زیادہ پالیسی ریٹ میں مزید اضافے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے سے معیشت پر منفی اثر پڑے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔