آئی سی سی نے بھارت سے پاکستان نہ آنے کی تحریری وجوہ طلب کرلیں
دبئی: آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ آنے کی تحریری وجوہ طلب کرلیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے بھارتی خط کی تحریری کاپی مانگی تھی جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو پاکستان نہ جانے سے متعلق زبانی آگاہ کیا تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اب آئی سی سی نے انڈین کرکٹ بورڈ کو تحریری وجوہ بیان کرنے کا کہا ہے، پاکستان تحریری وجوہ ملنے پر ان کے حق میں ٹھوس شواہد مانگ سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق انڈین بورڈ کو پاکستان نہ جانے کی ٹھوس وجوہ دینا ہوں گی، آئی سی سی کو وجوہ کا جائزہ لے کر بھارت کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نہ جانے کی وجوہ جائز نہ ہوئیں تو بھارتی ٹیم کو آنے کا کہا جائے گا، بھارت نہ مانا تو چمپئینز ٹرافی میں 9ویں ٹیم کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے شریک نہ ہونے سے آئی سی سی کو 50 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوگا، آئی سی سی نے ٹرافی کے نشریاتی حقوق، اشتہارات اور اسپانسرشپ سے کمائی کرنی ہے، پاک بھارت میچز نہ ہونے سے انڈین بورڈ کے نقصان کا تخمینہ 10 کروڑ ڈالرز ہے۔