ایک سال اسکرین سے دُور رہ کر فیملی کو وقت دوں گی، زارا نور عباس

کراچی: ٹی وی کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے اداکاری کی دُنیا سے عارضی دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
زارا نور عباس نے حال ہی میں اداکار و میزبان یاسر حسین کے شو پِک اینڈ ڈراپ میں شرکت کی، جہاں اُنہوں نے ایوارڈ شوز کی حقیقت سے پردہ اُٹھایا اور ساتھ ہی مختلف موضوعات پر گفتگو بھی کی۔
زارا نور عباس نے کہا کہ تمام ایوارڈ شوز جھوٹے ہوتے ہیں، اداکاروں کو پہلے ہی معلوم ہوتا ہے کہ اُنہیں ایوارڈز نہیں ملیں گے، اسی لیے وہ ایوارڈ شوز میں شرکت نہیں کرتے۔
اُنہوں نے کہا کہ اور جو اداکار ایوارڈز جیتتے ہیں، اُنہیں بھی پہلے سے ہی علم ہوتا ہے کہ انہیں ایوارڈز ملیں گے اور اسی وجہ سے وہ ایوارڈز شوز کی تقریب میں شرکت کرتے ہیں۔
زارا نور عباس نے کہا کہ مجھے لگتا ہے ایوارڈز شوز نہیں ہونے چاہئیں، ان شوز سے کوئی فائدہ تو ہوتا نہیں، بلاوجہ ایوارڈ شوز پر اتنا پیسہ خرچ کیا جاتا ہے۔
اُنہوں نے اداکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو ایوارڈ نہیں ملتا تو پریشان نہیں ہوں، ان ایوارڈ شوز کو سنجیدہ نہیں لیں اور نہ ہی اُنہیں زیادہ اہمیت دیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں ایوارڈ شوز میں ڈانس پرفارمنس کے لیے پیسے لیتی ہوں، میں نے اب تک جتنے بھی ایوارڈز شوز میں ڈانس پرفارمنس کی، اُن کا معاوضہ لیا ہے۔
زارا نور عباس نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں کم از کم ایک سال کے لیے عارضی طور پر اسکرین سے دُور رہوں گی، اس دوران فیملی کو وقت دوں گی۔
زارا نے کہ میں بہترین اداکارہ ہوں، جن لوگوں کو میری اداکاری کی صلاحیتوں پر شک ہے وہ میرا کام دیکھ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ زارا نور عباس اور اُن کے شوہر اسد صدیقی بہت جلد اپنے پہلے بچے کو دُنیا میں خوش آمدید کہنے والے ہیں، اسی وجہ سے وہ شوبز کی دنیا سے عارضی دوری اختیار کررہی ہیں۔
زارا نور عباس اور اسد صدیقی کی شادی دسمبر 2017 میں ہوئی تھی، اداکارہ کی یہ دوسری شادی ہے، اُن کی پہلی شادی 2014 میں ہوئی تھی لیکن سال 2017 کے آغاز میں ہی ان کی طلاق ہوگئی تھی۔
اسد صدیقی اداکار عدنان صدیقی کے بھانجے ہیں جو بہت سے ڈراموں کے ذریعے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی شناخت بناچکے ہیں جب کہ زارا نور عباس اداکارہ اسما عباس کی بیٹی اور بشریٰ انصاری کی بھانجی ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔