حکومت کا ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات، شادی ہالز، سنیما کھولنے کا بڑا اعلان
اسلام آباد: مرکزی حکومت کا بڑا فیصلہ، لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرتے ہوئے ریسٹورینٹس، تفریحی مقامات اور شادی ہالز سمیت دیگر شعبہ جات اور کاروبار بتدریج کھولنے کا اعلان کردیا۔
وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں کورونا وبا کی صورت حال پر غور کیا گیا۔
اسد عمر نے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ملک میں کورونا وبا میں کمی ہوگئی اور صورت بحال کافی بہتر ہوگئی ہے، این سی او سی کے اجلاس میں تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر کو کھولنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا، اس کے ساتھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں اور نرمی کرتے ہوئے مزید شعبہ جات کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ 8 اگست سے سیاحتی مقامات اور وہاں کے ہوٹلز جب کہ 10 اگست سے ملک بھر میں پبلک پارکس، تفریحی مقاماتِ، ایکسپو ہالز، بیوٹی پارلرز، مزارات، مذہبی مقامات، سنیما، تھیٹرز، جم، کلب، ہوٹل، کیفے اور ریسٹورینٹس کھول دیے جائیں گے جہاں اندر اور باہر بیٹھ کر کھانا کھانے (ڈائن ان) کی اجازت ہوگی۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ روڈ ٹرانسپورٹ، ریلوے، ایئرلائن کو بھی معمول کے مطابق بحال کیا جارہا ہے، ان پر تمام قدغنیں اور بندشیں ختم کی جارہی ہیں تاہم میٹرو سروسز اور بسوں میں کھڑے ہوکر سفر کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی اجازت بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بازاروں کے اوقات کار بھی معمول کے مطابق بحال کیے جارہے ہیں اور تمام مارکیٹیں پرانے نظام کے مطابق کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے، ان کے لیے وقت کی پابندی اور ہفتہ و اتوار کی چھٹی ختم کی جارہی ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ جن کھیلوں میں جسمانی ٹکراؤ نہیں ہوتا انہیں بھی 10 اگست سے بحال کردیا جائے گا، کبڈی، کشتی، رگبی کے سوا دیگراسپورٹس کی اجازت دے رہے ہیں، تاہم تماشائیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے شادی ہالز کھولے جاسکتے ہیں اور ہوٹلز میں بھی شادی کی تقریبات ہوسکتی ہیں، 14 اگست کے حوالے سے بھی گائیڈلائنزجاری کریں گے اور محرم الحرام کے لیے بھی علما سے مل کر ایس اوپیز بنائی گئی ہیں۔