ملتان سکھر موٹروے پر خوف ناک حادثہ، 20 مسافر جاں بحق

لاہور: ملتان سکھر موٹروے پر آئل ٹینکر اور سلیپر بس کے تصادم کے نتیجے میں آگ لگ گئی، جس سے 20 مسافر جاں بحق جب کہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تصادم ہوتے ہی بس کو آگ لگ گئی۔ حادثے کے فوراً بعد موٹروے ایم 5 کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، ریسکیو 1122 اور افسران جائے حادثہ پر پہنچے جب کہ آگ بجھانے والی ٹیموں نے کارروائی شروع کی۔ آئی جی خالد محمود کی ہدایت پر موٹر وے پولیس نے ایمرجنسی کرائسز سینٹر تشکیل دے دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق موٹروے پولیس نے جلتی بس سے کچھ مسافروں کو بحفاظت نکالا جب کہ بس میں قریباً 25 افراد سوار تھے۔ امدادی ٹیموں کو بس میں لگی آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ کئی میل دور سے شعلے بلند ہوتے دکھائی دے رہے تھے۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر بیان میں بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں 20 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھی اور رنجیدہ ہوں۔ میری دعائیں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے ملتان میں جلال پور انٹرچینج کے قریب بس اور ٹینکر میں تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور زخمیوں کے لیے صحت یابی کی دعا کی ہے۔
علاوہ ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے بھی بس آئل ٹینکر تصادم میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔