سانحہ مچھ: کراچی میں بھی دھرنے، ٹریفک جام!

کراچی: مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مچھ واقعے کے خلاف کامران چورنگی، نارتھ کراچی کے علاقے پاور ہاؤس، نمائش اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر دھرنے دیے گئے اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔
دھرنوں کے سبب سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا جب کہ متعدد گاڑیوں کا ایندھن ختم ہوگیا، ٹریفک پولیس کے افسران و جواں سڑکوں پر ٹریفک بحال کرانے کی کوشش کرتے رہے اور شہریوں کو متبادل راستے بتاتے رہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ پاور ہاؤس پر ہونے والے دھرنے کی وجہ سے متبادل راستہ نہ ہونے کی وجہ سے شہری گلیوں میں پھنس گئے 2 سے 3 گھنٹے بعد گلیوں سے نکال کر ان کو منزل مقصود تک کا راستہ بتایا گیا، نمائش پر دھرنے کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ سی بریز سے گرومندر جانے اور آنے والی سڑک کو بند کردیا گیا، ریڈیو پاکستان سے گرومندر جانے والے ٹریفک کو سی بریز پلازہ سے صدر اور نیو پریڈی اسٹریٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق اس طرح ضلع سینٹرل سے ٹاور جانے والے ٹریفک کو گرومندر سے نیو ایم اے جناح روڈ سے ہوتے ہوئے نیو پریڈی اسٹریٹ کی طرف متبادل راستہ دیا گیا جب کہ کامران چورنگی احتجاج کے بعد بند کردی گئی، موسمیات سے چھوٹی گاڑیوں کو کامران چورنگی کی طرف جانے کی اجازت ہے جب کہ بڑی گاڑیوں کا داخلہ منع ہے، منور چورنگی سے کامران چورنگی جانے والی ٹریفک کو پہلوان گوٹھ کی طرف موڑ دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مظاہرے کے باعث پیراڈائز سے الآمین اپارٹمنٹ کی طرف متبادل راستہ دیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔